پنجاب حکومت نے ’’مریم کو بتائیں‘‘ پروگرام کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نئے اہلیت کے معیار کے تحت مزید شہریوں کو اس پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
اس اقدام کا مقصد زیادہ سے زیادہ عوام کو حکومتی سہولیات تک آسان رسائی فراہم کرنا اور شہری مسائل کے حل کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
حکومت پنجاب کی جانب سے پروگرام کے لیے مالی فنڈز اور بجٹ مختص کرنے کی بھی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے، جس کے بعد اس منصوبے کو مزید بہتر انداز میں چلانے کے لیے عملی اقدامات تیز کیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق پروگرام میں توسیع سے شہریوں کو بنیادی نوعیت کی مختلف سہولیات گھر کی دہلیز پر فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کی درخواست پر پنجاب حکومت نے ’’مریم کو بتائیں‘‘ ایپ کی سروسز کو مزید وسعت دینے کی منظوری دی، حکومت کا کہنا ہے کہ ایپ کے نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ عوامی شکایات کے اندراج اور ان کے فوری ازالے کے عمل کو مزید شفاف اور تیز بنایا جاسکے۔
حکومت نے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ شہریوں کی شکایات کے فوری حل اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات میں تیزی لائی جائے۔ حکام کے مطابق ’’مریم کو بتائیں‘‘ ایپ عوام اور حکومت کے درمیان ایک مؤثر رابطہ ثابت ہورہی ہے، جس کے ذریعے شہری مختلف بنیادی مسائل اور شکایات سے متعلق براہ راست آگاہی فراہم کرسکتے ہیں۔
پنجاب حکومت نے اس عزم کا بھی اظہار کیا ہے کہ پروگرام کو جدید خطوط پر استوار کرکے عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو بروقت اور آسان سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔