پاکستان شوبز انڈسٹری کے سپر اسٹار ہمایوں سعید نہ صرف ایک کامیاب اداکار بلکہ ملک کے نمایاں پروڈیوسرز میں بھی شمار ہوتے ہیں۔ ان کی اہلیہ ثمینہ ہمایوں سعید کے ساتھ جوڑی کو شوبز کی کامیاب ترین شراکت داریوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، جنہوں نے ٹیلی ویژن اور فلم کے شعبے میں کئی یادگار منصوبے پیش کیے ہیں۔
ہمایوں سعید اور ثمینہ ہمایوں سعید گزشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصے سے ایک ساتھ ہیں اور ایک دوسرے کی کامیابی اور زندگی میں اہم کردار ادا کرتے آئے ہیں۔ ماضی میں ہمایوں سعید کا نام مختلف افواہوں اور مبینہ تعلقات کے حوالے سے خبروں کی زینت بنتا رہا، تاہم گزشتہ کئی برسوں سے ایسی چہ مگوئیوں کا سلسلہ تقریباً ختم ہو چکا ہے۔
حال ہی میں ایک عید اسپیشل شو کے دوران میزبان ندا یاسر اور اداکار احمد علی بٹ نے ہمایوں سعید کے حوالے سے دلچسپ انداز میں مزاحیہ گفتگو کی، جس نے ناظرین کو خوب محظوظ کیا۔
پروگرام میں احمد علی بٹ نے ہنستے ہوئے کہا کہ ہمایوں سعید کی نظر شوبز انڈسٹری میں سب سے زیادہ تیز ہے، تاہم ندا یاسر نے ان کی بات سے اتفاق نہیں کیا۔
ندا یاسر نے مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ اب بھابھی، یعنی ثمینہ ہمایوں سعید، نے ہمایوں سعید کو اتنے موٹے چشمے لگا دیے ہیں کہ ان کی نظر اب صرف ایک ہی سمت میں رہتی ہے اور کہیں اِدھر اُدھر نہیں جاتی۔
ندا یاسر کے اس جملے پر شو کے شرکاء اور ناظرین خوب محظوظ ہوئے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی اس کلپ کو دلچسپ تبصروں کے ساتھ شیئر کیا جا رہا ہے۔