شدید گرمی اور حبس سے پریشان شہریوں کے لیے خوشخبری آ گئی صوبائی دارالحکومت میں بادل برس پڑے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں کالی گھٹائیں چھا گئیں اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ فیروز پور روڈ، کلمہ چوک، نصیر آباد، ماڈل ٹاؤن اور گردونواح میں موسلادھار بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ شہریوں نے گرمی کی شدت میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
بارش کے ساتھ چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں نے کئی روز سے جاری شدید گرمی کا زور توڑ دیا۔ سڑکوں پر گاڑیوں کی رفتار بھی متاثر ہوئی جبکہ بعض نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم آئندہ 24 گھنٹوں تک اثرانداز رہ سکتا ہے۔ لاہور سمیت بالائی پنجاب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش، تیز ہوائیں اور گرج چمک کا امکان موجود ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور، راولپنڈی، مری، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، حافظ آباد، نارووال اور دیگر قریبی علاقوں میں کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے جبکہ بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا بھی امکان ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں کمی آئے گی اور گرمی کی حالیہ لہر میں وقتی وقفہ پڑے گا، تاہم جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو تیز ہواؤں اور آندھی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمزور تعمیرات، سائن بورڈز اور بجلی کی تنصیبات کے قریب غیر ضروری طور پر کھڑے ہونے سے گریز کیا جائے۔
ادھر محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے کے دوران بھی وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جس سے گرمی کے ستائے شہریوں کو مزید ریلیف ملنے کی توقع ہے