’’عمران خان کو بنی گالہ منتقلی کی پیشکش‘‘ ن لیگ کا ردعمل آگیا

’’عمران خان کو بنی گالہ منتقلی  کی پیشکش‘‘ ن لیگ کا ردعمل آگیا

پاکستا ن مسلم لیگ(ن) کے سینیٹر اور حکومت کی مذاکراتی ٹیم کے رکن عرفان صدیقی نے اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کو بنی گالہ منتقل کرنے کی پیشکش کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی کوئی پیشکش نہیں کی گئی۔

عرفان صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ پی ٹی آئی اگر اپنے مطالبات تحریری شکل میں پیش نہیں کرے گی تو مذاکرات کی پیشرفت میں مشکلات پیش آئیں گی، اور اب تک مذاکرات میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں آئی ہے۔ ان کے مطابق، 12 دنوں میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

انہوں نے اس بات کو بھی ناپسندیدہ قرار دیا کہ پی ٹی آئی نے 45 لاپتا افراد کا ذکر کیا لیکن ان کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔عرفان صدیقی کا کہناہے کہ سیاسی قیدی ہونے کا فیصلہ فرد کی شناخت سے نہیں، بلکہ جرم کی نوعیت پر ہوتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فوجداری مقدمات میں کسی بھی سیاستدان کو استثنیٰ حاصل نہیں ہے۔

اس کے علاوہ، انہوں نے اس تاثر کی بھی تردید کی کہ عمران خان کو بنی گالہ منتقلی کی پیشکش کی گئی ہو۔ عرفان صدیقی کے مطابق نہ تو حکومت نے ایسی کوئی پیشکش کی ہے اور نہ ہی کسی دوسرے ادارے نے اس سلسلے میں کوئی بات کی۔ انہوں نے اس بات کو بھی واضح کیا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات میں سول نافرمانی ختم کرنے یا کسی اور مطالبے کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔

اسی حوالے سے وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے بھی اپنی ایک میڈیا گفتگو میں اس بات کا اعادہ کیا کہ پی ٹی آئی نے اپنے کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا، تاہم حکومت نے انہیں بتایا کہ یہ معاملہ عدالتوں کے دائرہ کار میں آتا ہے اور حکومت اس میں مداخلت نہیں کر سکتی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *