محکمہ موسمیات نے آئندہ 20 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کئی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، دن کا درجہ حرارت معمول سے دو سے چار ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔
خیبرپختونخوا
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ زیریں علاقوں میں شدید گرمی کی توقع ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دن کا درجہ حرارت معمول سے تین سے پانچ ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع کی صورتحال
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے تین سے پانچ ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔
بلوچستان
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کی توقع ہے۔ سبی، تربت، پنجگور، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، بارکھان، نصیر آباد، قلات اور گردونواح میں دن کا درجہ حرارت معمول سے چار سے چھ ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔
سندھ
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ سکھر، شکارپور، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، موہنجودڑو، دادو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، خیرپور اور نوشہرو فیروز میں درجہ حرارت معمول سے چار سے چھ ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان
کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق ان علاقوں میں بھی دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی استعمال کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ گرمی کی شدت سے محفوظ رہا جا سکے۔