احتساب عدالت کی جانب سے 190ملین پائونڈ کیس میں سزا کے بعد بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل میں خواتین کی بیرک میں منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ تین بار موخر کیے جانے کے بعد آج سنادیا۔ جس میں عمران خان کو کرپٹ پریکٹسز اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر 14سال اور بشریٰ بی بی کو ان کا ساتھ دینے کے جرم میں 7سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
اس کے علاوہ عدالت نے عمران خان پر 10لاکھ اور بشریٰ بی بی پر 5لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔ سزا سنائے جانے کے بعد بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت سے ہی گرفتار کرلیا گیا۔ اس کے بعد بشریٰ بی بی کا مکمل طبی معائنہ کروایا گیا اور پھراڈیالہ جیل میں خواتین کی بیرک میں منتقل کر دیا گیا۔
طبی معائنے کے بعد بشریٰ بی بی کو کچھ ادویات بھی فراہم کی گئیںاور ان کا ضروری سامان بھی بیرک میں پہنچا دیا گیا۔ جس میں کپڑے، جوتے، چادریں ، تکیے، بیڈ شیٹس اور کھانے پینے کے سامان سمیت دیگر اشیا شامل ہیں۔ بشریٰ بی بی کے سامان کو بیرک میں پہنچانے سے قبل مکمل طور پر چیک کیا گیا۔