ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے اور محکمہ موسمیات نے آج بھی بیشتر علاقوں میں موسم انتہائی گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
گرمی کی شدت میں مسلسل اضافے کے باعث شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت غیر معمولی حد تک بلند ریکارڈ کیا گیا جہاں سبّی ملک کا گرم ترین شہر رہا جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، اسی طرح دادو اور جیکب آباد میں پارہ 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ تربت اور موہنجو داڑو میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر، نوابشاہ اور ڈیرہ غازی خان میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ملتان اور بہاولپور میں پارہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، گرمی کی اس شدید لہر نے شہری زندگی کو متاثر کیا ہے اور مختلف علاقوں میں لوگ شدید حبس اور گرم موسم کا سامنا کر رہے ہیں۔
دوسری جانب بڑے شہروں میں بھی درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جبکہ پشاور میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور مظفر آباد میں پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی اور کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گلگت میں پارہ 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری شدید گرمی کی لہر 12 جون تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث درجہ حرارت معمول سے کافی زیادہ رہ سکتا ہے ، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پانی کا زیادہ استعمال کریں اور دھوپ میں نکلتے وقت ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔