پاکستان اور بھارت کے درمیان چیمپئنز ٹرافی 2025 کا پانچواں میچ آج دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کھیلا جا رہا ہے جس کے لیے پاکستانی ٹیم اسٹیڈیم پہنچ گئی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان ہائی وولٹیج میچ دوپہر اڑھائی بجے کھیلا جائے گا، میچ کون جیتے گا؟ اس حوالے سے مختلف آرائیں سامنے آ رہی ہیں۔
کھیل سے متعلق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف شاندار کامیابی کے بعد چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے پانچواں میچ میں پاکستان کے لیے خطرہ زیادہ ہے۔ بھارت ایک کامیابی کے ساتھ پہلے سے ہی برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔
بھارت بمقابلہ پاکستان آج متوقع اسکور
ماہرین کا کہنا ہے کہ پہلی اننگز کا متوقع اسکور 230-240 ہو سکتا ہے
دوسری اننگز کا اسکور 240-250 ہو سکتا ہے
پاکستان اور بھارت کے درمیان آج کا میچ کون جیتے گا؟
تجزیہ کاروں کے مطابق اگر بھارت پہلے بیٹنگ کرتا ہے تو اس میچ میں ٹاس جیتنا یا ہارنا کوئی معنی نہیں رکھے گا، کیونکہ پچ بلے بازوں اور گیند بازوں دونوں کے لیے سازگار ہوگی۔
اگر بھارت پہلے بیٹنگ کرتا ہے تو کپتان روہت شرما اور ان فارم بلے باز شبھمن گل کو مضبوط بنیاد فراہم کرنے کی ذمہ داری سونپی جائے گی جبکہ ویرات کوہلی کو کمزور پچ پر دباؤ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تاہم پاکستان کے خلاف ان کا ریکارڈ مثالی ہے۔ کے ایل راہول اور دیگر بلے باز بھی اپنی بہترین فارم میں ہیں اور اس لیے اگر بھارت کو پہلے بیٹنگ کا موقع ملتا ہے تو وہ اسکور بورڈ پر ایک بڑا اضافہ کر سکتے ہیں۔
مزید برآں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ون ڈے میں زیادہ کامیابی حاصل کی ہے اس وجہ سے پہلے کھیلنے کی صورت میں بھارت کے کامیابی کے زیادہ امکانات ہیں۔
اگر پاکستان پہلے بیٹنگ کرے
دوسری صورت میں اگر پاکستان پہلے بیٹنگ کرنے کا انتخاب کرتا ہے تو وہ خود کو بڑی مشکل میں ڈال دے گا، کیونکہ پاکستان کو سب سے پہلا نقصان فخرزمان کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کی وجہ سے ہوا۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کے بقیہ ایڈیشن میں سعود شکیل کے بابراعظم کے ساتھ اوپننگ کرنے کا امکان ہے۔ اس جوڑی کا اسٹرائیک ریٹ انتہائی کمزور ہے جیسا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ان کے پہلے میچ میں دیکھا گیا۔
لہٰذا ان کی بنیاد فی الحال ٹھوس نہیں ہے، اس کے علاوہ مڈل آرڈر جس میں کپتان محمد رضوان بھی شامل ہیں، توقعات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ محمد شامی کی قیادت میں بھارت کی فاسٹ بولنگ لائن پاکستان کی بیٹنگ خامیوں کا بھرپور فائدہ اٹھائے گی جس کی وجہ سے اگر وہ پہلے بیٹنگ کرتے ہیں تو پاکستان کے لیے تباہ کن ہو سکتا ہے۔
ادھر پاکستانی شائقین برجوش ہیں اور اپنی ٹیم کو بھرپور سپورٹ کر رہے ہیں، پاکستان شائقین کو امید ہے کہ پاکستان کی ٹیم بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے بھارت کو ہرانے میں کامیاب ہو جائے گی۔ انڈین شائقین اپنی ٹیم کو بھرپور سپورٹ کر رہے ہیں۔
پچ کی کنڈیشن کو دیکھتے ہوئے ماہرین کا کہنا ہے کہ پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کے میچ جیتنے کے امکانات کافی بڑھ جائیں گے کیونکہ دبئی کے موسم کے اعتبار سے رات کو پچ کافی سلو ہو جاتی ہے اور بلے بازوں کو گراؤنڈ کے اعتبار سے زیادہ پاورفل ہٹنگ کی ضرورت ہوگی۔
اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان ونڈے میچز کا جائزہ لیا جائے تو اس میں پاکستان بھی پاکستان کو برتری حاصل ہے، دونوں ممالک کے درمیان کل 135 ونڈے مقابلے ہو چکے ہیں جن میں پاکستان نے 73 جبکہ بھارت نے 57 میچوں میں کامیابی حاصل کی، 5 میچز کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔