پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت دھونس، دھاندلی اور فریب کا سسٹم قائم ہے، ہمیں اس نظام کا خاتمہ کرنا ہو گا۔
نجی ٹی کے مطابق کراچی میں مزار قائد پر حاضری کے بعد اسد قیصر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ ہم وہ سیاست کررہے ہیں جو قائداعظم اور علامہ اقبال کی تھی ۔
شہر قائد سے الیکشن میں پی ٹی آئی کو 22سیٹیں ملیں، کراچی سے تحریک انصاف کی 22سیٹوں پر ڈاکہ ڈالا گیا ، انہوں نے کہا کہ ہمیں اقتدار کی لالچ نہیں ، ملک کی عوام کو جمہوریت اور حقوق دلا نے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں ۔
قائداعظم نے کہا تھاکہ ہر ادارہ اپنی آئینی حدود میں رہے، پاکستان میں طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں کوئی اورنہیں اور نہ ہی ہوسکتاہے ۔ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے خطوط میں دوٹوک الفاظ میں کہا کہ آئین وقانون کے مطابق حدود میں رہا جائے۔
عمران خان نے اپنے خطوط میں این آر او نہیں مانگا۔اس موقع پررہنما پاکستان تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا کہ کراچی کے لوگ ہمیں محبت دے رہے ہیں، کراچی والوں نے ہمیں جنرل انتخابات میں 22سیٹیں دیں، پورےسندھ سے ہمیں 44سیٹیں ملیں، ہمارے مینڈیٹ چرایا گیا،سندھ اور وفاقی کابینہ کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں۔