قومی بچت کی مختلف اسکیموں پر منافع کی شرح میں کمی کر دی گئی، جس کا اطلاق 25 فروری سے ہو چکا ہے۔ مختلف بچت اسکیموں پر منافع کی شرح میں 1 سے 33 بیسز پوائنٹس تک کی کمی کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح 20 بیسز پوائنٹس کم ہو کر 11.20 فیصد سے 11 فیصد ہو گئی ہے۔ شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح میں 33 بیسز پوائنٹس کی کمی کے بعد 11.13 فیصد سے 10.80 فیصد ہو گئی ہے۔ جبکہ ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح میں صرف ایک بیسز پوائنٹ کی کمی کرتے ہوئے 12.15 فیصد سے 12.14 فیصد کر دی گئی ہے۔
عام سیونگ اکاؤنٹس پر منافع کی شرح بھی 20 بیسز پوائنٹس کم ہو کر 11.20 فیصد سے 11 فیصد ہو گئی ہے۔ پنشنرز بینیفٹس اکاؤنٹس اور شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹس پر منافع کی شرح میں 10 بیسز پوائنٹس کی کمی کرتے ہوئے 13.68 فیصد سے 13.58 فیصد کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ اسلامی بچت اسکیموں میں بھی منافع کی شرح میں کمی کی گئی ہے۔ سروا اسلامی ٹرم اکاؤنٹس اور سروا اسلامی سیونگ اکاؤنٹس پر منافع کی شرح 16 بیسز پوائنٹس کم ہو کر 9.90 فیصد سے 9.74 فیصد ہو گئی ہے۔