بھارت نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 جیت لی

بھارت نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 جیت لی

بھارت نے نیوزی لینڈ کو فائنل میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی 2025 جیت لی۔ بھارت نے تیسری بار آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی۔

بھارت نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا گیا 252 رنز کا ہدف 49 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا اور تیسری بار آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا فاتح بن گیا۔

بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کو فائنل میچ میں شاندار بلے بازی کی بدولت پلئیر آف دی میچ اور نیوزی لینڈ کے رچن رویندرا کو ٹورنامنٹ میں بہترین آل رائونڈر پرفارمنس دینے پر پلئیر آف دی ٹورنامنٹ کے اعزاز سے نواز دیا گیا۔

دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلنے جانیوالے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیااور نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنزبنا سکی۔ کیویز کی پہلی وکٹ 57 رنز پر گری جب ورون چکراورتی نے ول ینگ کو آئوٹ کرکے پویلین کی راہ دکھائی۔ دوسری وکٹ رچن رویندرا کی گری جنہیں کلدیپ یادیو نے69 کے مجموعی اسکور پر اپنا شکار بنایا۔ اس کے بعد کین ویلیمسن صرف 11رنز بنا کر کلدیپ یادیو کا شکار بنے۔ نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ ٹام لیتھم کی108 رنز پر گری، جنہوں نے 14رنز بنائے۔ گلین فلپس نے 34رنز کی اننگ کھیلی اور ورون چکراورتی کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل 63 بنا کر نمایاں رہے اوران کو محمد شامی نے آئوٹ کیا۔نیوزی لینڈ کے ساتویں آئوٹ ہونیوالے کھلاڑی کیویز کپتان مچل سینٹنر تھے جنہوں نے صرف 8رنز بنائے۔ مائیکل بریس ویل اور نتھن سمتھ 63 اور 0 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔

بھارت کی جانب سے ورون چکراورتی اور کلدیپ یادیو نے دو، دو جبکہ  محمد شامی اور رویندرا جدیجہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بھارتی اوپنرز کا آغاز شاندار رہا۔ بھارت کی پہلی وکٹ19ویں اوور میں 105 اسکور پر شبمن گل کی گری جنہوں نے 31رنز بنا رکھے تھے، اگلے ہی اوور میں ویرات کوہلی صرف 1رن بنا کرآئوٹ ہوگئے۔ 122کے مجموعی اسکور پر روہت شرما بھی آئوٹ ہو کر پولین لوٹ گئے، انہوں نے 83گیندوں پر 76رنز بنائے تھے۔ بھارت کی چوتھی وکٹ شریاس ائیر کی 183کے مجموعی اسکور پر جبکہ پانچویں وکٹ اکشر پٹیل کی 203رنز پر گری۔ بھارت کی چھٹی اور آخری وکٹ ہاردک پانڈیا کی 241رنز پر گری ۔کے ایل راہول 34اور رویندرا جدیجہ 9رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر اور مائیکل بریس ویل نے دو، دو جبکہ کیل جیمسن اور رچن رویندرا نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ بھارت اور نیوزی لینڈ 25 سال بعد چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میچ میں مدِ مقابل آئے ہیں۔ 2000 میں نیروبی میں چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے ایڈیشن میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر فتح حاصل کی تھی۔ نیوزی لینڈ نے تین بار جبکہ بھارت نے پانچ بار چیمپئنز ٹرافی کا فائنل کھیلا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *