ایم سی بی بینک نے نئی سوزوکی گاڑیوں کی خریداری کے خواہشمند صارفین کے لیے آٹو فنانسنگ کے دو خصوصی پلیٹ فارمز Car4U اور Fleet4U کے تحت نیا فنانسنگ پروگرام متعارف کرا دیا ہے۔اس پروگرام کا مقصد سوزوکی کی مسافر اور کمرشل گاڑیوں کے لیے صارفین کو منظم اور شفاف مالی معاونت فراہم کرنا ہے، جس کے تحت واضح شرائط و ضوابط کے مطابق قرض کی سہولت دی جائے گی۔
ایم سی بی بینک کے جاری کردہ پروگرام کے مطابق فنانسنگ کی شرائط کو صارفین کے لیے قابلِ فہم اور سہل رکھا گیا ہے اس اسکیم کے تحت مارک اپ ریٹ ایک سالہ KIBOR کے ساتھ 3 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔
گاڑی کی انشورنس کی قیمت 1.50 فیصد رکھی گئی ہے۔ بینک کا کہنا ہے کہ یہ شرائط معیاری بینکاری اصولوں کے مطابق طے کی گئی ہیں تاکہ صارفین کو مالی منصوبہ بندی میں آسانی ہو۔
MCB Car4U فنانسنگ کے تحت اہل صارفین ذاتی استعمال کے لیے سوزوکی کی نئی گاڑی خرید سکتے ہیں۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ صارفین کو تین سال تک کی لچکدار اقساط میں ادائیگی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ Car4U کے تحت انفرادی گاڑی کی خریداری کے لیے فنانس کی زیادہ سے زیادہ حد 3 ملین روپے مقرر کی گئی ہے، جس سے متوسط طبقے کے صارفین کو براہِ راست فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب کمرشل اور بڑے پیمانے پر گاڑیوں کی خریداری کے لیے MCB Fleet4U فنانسنگ متعارف کرائی گئی ہے۔ اس پروگرام کے تحت بڑے بیڑے (Fleet) کی خریداری کے لیے فنانسنگ کی حد 30 ملین روپے تک رکھی گئی ہے، جس کا مقصد کاروباری صارفین اور کمرشل اداروں کی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔
ایم سی بی بینک کے مطابق اس فنانسنگ پروگرام کے تحت سوزوکی گاڑیاں خریدنے والے صارفین کو ترجیحی ڈیلیوری کی سہولت بھی دی جائے گی، جو اس پیشکش کو مزید پرکشش بناتی ہے۔بینک نے واضح کیا ہے کہ یہ آٹو فنانسنگ آفر 31 مارچ 2026 تک دستیاب ہوگی، جبکہ اس کے اطلاق کے لیے بینک کی معیاری شرائط و ضوابط لاگو ہوں گے۔
بینک کا کہنا ہے کہ Car4U اور Fleet4U پلیٹ فارمز کے ذریعے صارفین کو ایک منظم، شفاف اور سہل آٹو فنانسنگ حل فراہم کیا جا رہا ہے، جس سے نئی گاڑی کی خریداری کا عمل مزید آسان ہو جائے گا۔