مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا احسان نے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔
تفصیلات کے مطابق رہنما مسلم لیگ (ن) رانا احسان نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کرکے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ رانا احسان نے پیپلزپارٹی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا، بلاول بھٹو نے انہیں پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔
دوسری جانب چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری اور وزیراعلیٰ سندھ کی انسپکشن ٹیم کے انچارج وقار مہدی نے بلاول ہائوس میں ملاقات کی۔ انہوں نے پارٹی چئیرمین کو ترقیاتی منصوبوں کے معیار کو بہتر بنانے کے حوالے سے اپنی کارکردگی سے آگاہ کیا۔
بلاول بھٹو زرداری سے وزیر بلدیات سعید غنی نے بھی بلاول ہائوس میں ملاقات کی، سعید غنی نے اپنے محکمے کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔ اس کے علاوہ معاون خصوصی رضا ہارون نے بلاول بھٹو سے ملاقات کی اور کراچی کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی۔