پاکستان میں جتنی دہشتگردی ہوتی ہے سب کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں،رانا ثناء اللہ

پاکستان میں جتنی دہشتگردی ہوتی ہے سب کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں،رانا ثناء اللہ

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے سیاست کے بجائے ہمیشہ محاذ آرائی اور ٹکراؤ کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی سیاسی رہنما وہ ہوتا ہے جو مذاکرات اور برداشت کے ذریعے آگے بڑھتا ہے نہ کہ مسلسل تصادم کے راستے پر چل کر، رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان کی موجودہ صورتحال ان کے اپنے طرزِ عمل کا نتیجہ ہے اور اس میں کسی اور کا کوئی کردار نہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان خود کو ایک سیاسی رہنما سمجھتے ہیں تو انہیں سیاست کے اصولوں کے مطابق رویہ اپنانا ہوگا ، محاذ آرائی کی سیاست کسی بھی ملک میں سیاسی استحکام کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :جب تک افغانستان کوئی گارنٹی نہیں دیتا آپریشن جاری رہےگا،رانا ثنا ء اللہ

افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کے بیشتر واقعات کے تانے بانے افغانستان سے جڑتے ہیں،انہوں نے کہا کہ وہاں موجود بعض عناصر پاکستان میں داخل ہو کر تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہوتے ہیں، اس لیے سرحدی نگرانی اور مؤثر حکمت عملی انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری ہیں اور مختلف مقامات پر ٹارگٹڈ آپریشنز کیے جا رہے ہیں تاکہ ملک میں امن و امان قائم رکھا جا سکے۔

سیکیورٹی امور کے حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت میں تمام اہم فیصلے سیاسی اور عسکری قیادت کی باہمی مشاورت سے کیے جا رہے ہیں تاکہ قومی سلامتی کے معاملات بہتر انداز میں حل کیے جا سکیں۔

editor

Related Articles