امریکی پاپ اسٹار ٹیلر سوئفٹ اور امریکی فٹبالر ٹریوس کیلسی کی ممکنہ شادی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے، جبکہ تقریب کے مقام سے متعلق نئی قیاس آرائیاں سامنے آ رہی ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدا میں دونوں نے اپنی شادی رہوڈ آئی لینڈ میں کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم مقام کی تفصیلات منظرِ عام پر آنے کے بعد مبینہ طور پر اس فیصلے پر نظرِثانی کی گئی۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اب شادی کے لیے نیویارک سٹی کے معروف میڈیسن اسکوائر گارڈن کو زیرِ غور لایا جا رہا ہے۔ ان افواہوں کو اس وقت مزید تقویت ملی جب 2 سے 4 جولائی کے دوران اس مقام پر ایک بڑے نجی ایونٹ کے لیے اجازت نامے کی درخواست سامنے آئی، جبکہ اطراف کی سڑکوں کی عارضی بندش کی اطلاعات بھی گردش کر رہی ہیں۔
غیر مصدقہ رپورٹس کے مطابق شادی سے قبل تقریباً 100 قریبی مہمانوں کے لیے ریہرسل ڈنر کا بھی اہتمام کیا جائے گا، جبکہ شادی اور استقبالیے سے متعلق مختلف دعوے سوشل میڈیا اور امریکی میڈیا میں زیرِ بحث ہیں۔تاہم ٹیلر سوئفٹ، ٹریوس کیلسی یا ان کی نمائندہ ٹیم کی جانب سے ان خبروں کی تاحال کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
ریہرسل ڈنر مغربی ممالک، خصوصاً امریکا اور یورپ میں شادی سے قبل ہونے والی ایک روایتی تقریب ہے۔ یہ عام طور پر شادی سے ایک روز پہلے منعقد کی جاتی ہے، جہاں دلہا، دلہن، ان کے اہلِ خانہ اور تقریب میں اہم کردار ادا کرنے والے قریبی افراد شادی کی رسومات کی مشق کرتے ہیں۔ اس کے بعد محدود مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا جاتا ہے، جسے ریہرسل ڈنر کہا جاتا ہے۔