ترکیہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات صرف سفارتی نہیں بلکہ دلوں کا رشتہ ہیں: شہباز شریف

ترکیہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات صرف سفارتی نہیں بلکہ دلوں کا رشتہ ہیں: شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر ترکیہ کے دو ٹوک اور واضح مؤقف پر اس کا مشکور ہے، جبکہ دونوں ممالک دوطرفہ تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے ہدف کے حصول کے لیے پرعزم ہیں۔

استنبول میں پاک۔ترکیہ بی ٹو بی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے پرتپاک استقبال اور شاندار میزبانی پر ترک صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکیہ کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے، جبکہ پاکستان کی ترقی ترکیہ کی ترقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان اور ترکیہ مختلف زبانیں بولتے ہیں اور مختلف خطوں میں آباد ہیں، تاہم دونوں ممالک کے عوام کی رہنمائی کرنے والی روشنی ایک ہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور مضبوط برادرانہ رشتوں پر استوار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی کا این ایل سی کے کاشغر دفتر اور گودام کا دورہ، پاک چین تجارت میں این ایل سی کے کردار کو سراہا

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے درمیان گہرے قلبی تعلقات موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ کی جنگِ آزادی کے دوران برصغیر کے مسلمانوں نے بھرپور حمایت کی تھی، جبکہ دونوں ممالک نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جنگ ہو، زلزلہ، قدرتی آفات یا سیلاب، ترکیہ نے ہر موقع پر پاکستان کی بھرپور مدد کی، جو تاریخ کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکیہ نے تمام شعبوں میں بے مثال ترقی کی ہے۔ وزیراعظم نے بتایا کہ بی ٹو بی فورم کے دوران ترکیہ کی تجارتی برادری کے ساتھ اہم نشست بھی ہوئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان قبرص کے مسئلے پر ترکیہ کے مؤقف کی حمایت کرتا ہے، جبکہ مسئلہ کشمیر پر ترکیہ کے دو ٹوک مؤقف پر اس کا مشکور ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :عالمی منڈی میں خام تیل 4 ماہ کی کم ترین سطح پر، پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا امکان

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکیہ دوطرفہ تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے ہدف کے حصول کے لیے پُرعزم ہیں، اور دونوں ممالک کی شراکت داری کو نئی جہت دی جائے گی۔

Related Articles