پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کی ٹرافی کوئٹہ پہنچ گئی، جہاں شہر بھر سے کرکٹ شائقین نے ٹرافی کا پرتپاک استقبال کیا۔
ٹرافی کو کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سٹی سینٹر لے جایا گیا جہاں شائقین نے اس پر گلاب کی پتیاں نچھاور کیں اور حکام کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں۔ اس دوران شہر بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
بعد ازاں بلوچستان اسمبلی کے سامنے ٹرافی کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبے کے بین الاقوامی کرکٹر حسیب اللہ خان، اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ حمزہ انجم اور محکمہ کھیل بلوچستان کے نمائندگان نے شرکت کی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے عہدیداروں نے ٹرافی کی تقریب میں رونمائی میں بھرپور شرکت پر خوشی کا اظہار کیا اور اسے بلوچستان کے کرکٹ اور کھیلوں کے لیے شاندار جذبے کی عکاسی قرار دیا۔