وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ بھارت بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کروا رہا ہے، جبکہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی دہشت گردی کا بھرپور اور مؤثر جواب دے رہی ہیں۔
مریدکے میں 28 مئی یومِ تکبیر کی تقریب کے موقع پر کیک کاٹنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت ہے اور یہ اعزاز ملک کی مضبوط دفاعی پالیسی کا نتیجہ ہے۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے عالمی دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، جس کے بعد ملک کا دفاع مزید مضبوط ہوا بھارت اب دوبارہ پاکستان کے خلاف جنگ چھیڑنے کی جرأت نہیں کر سکتا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے، تاہم پاکستان کی سکیورٹی فورسز ہر محاذ پر دشمن کے عزائم کو ناکام بنا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک ملک میں ایک بھی فتنہ الخوارج موجود ہے، ان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔