دنیا بھر میں پیغام رسانی کے لیے استعمال ہونے والی موبائل ایپلیکیشن واٹس ایپ کے اکاؤنٹس ہیک ہونے کے لاکھوں کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں پاکستان بھی شامل ہے، ملک میں واٹس ایپ صارفین کی بڑی تعداد کے باعث سائبر سیکیورٹی خطرات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
اس صورتحال کے پیش نظر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے صارفین کے لیے اہم حفاظتی اور اکاؤنٹ بحالی سے متعلق ہدایات جاری کی ہیں،ہدایات کے مطابق اگر کسی صارف کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہو جائے تو فوری طور پر ایپلیکیشن کو ڈیلیٹ کر کے دوبارہ انسٹال کیا جائے اور اپنا موبائل نمبر دوبارہ رجسٹر کیا جائے۔
موبائل نمبر پر موصول ہونے والے تصدیقی کوڈ کے ذریعے صارف اپنا اکاؤنٹ واپس حاصل کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ مستقبل میں غیر مجاز رسائی سے بچنے کے لیے “ٹو اسٹیپ ویریفکیشن” کو فعال کرنا نہایت ضروری قرار دیا گیا ہے۔
مزید ہدایات میں کہا گیا ہے کہ صارفین مشکوک لنکس اور غیر معروف فائلز سے مکمل اجتناب کریں، اپنے موبائل اور ایپ کے سیکیورٹی پاس ورڈز باقاعدگی سے تبدیل کرتے رہیں اور کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر واٹس ایپ سپورٹ سے رابطہ کریں۔
پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ چند سادہ احتیاطی اقدامات کے ذریعے نہ صرف ہیک شدہ اکاؤنٹ بحال کیا جا سکتا ہے بلکہ ذاتی ڈیٹا اور پرائیویسی کو بھی محفوظ بنایا جا سکتا ہے،سائبر سیکیورٹی ماہرین بھی صارفین کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ آن لائن احتیاطی تدابیر کو معمول بنائیں تاکہ ہیکنگ کے خطرات سے محفوظ رہ سکیں۔