عید الاضحی کی چھٹیوں کے دوران بڑی پابندی عائد کردی گئی

عید الاضحی کی چھٹیوں کے دوران بڑی پابندی عائد کردی گئی

بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے تمام پکنک پوائنٹس اور تفریحی مقامات کو عارضی طور پر بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق یہ پابندی 26 مئی سے 30 مئی تک نافذ العمل رہے گی، جس دوران شہریوں اور سیاحوں کو کسی بھی تفریحی مقام پر جانے یا پکنک منانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر ہرنائی کی جانب سے جاری باضابطہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے باعث یہ اقدام شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں امن برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :عیدالاضحیٰ کے موقع پر 33 سال بعد خانہ کعبہ کے اوپر حیران کن منظر کی پیش گوئی

انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ عید کی تعطیلات کے دوران عوامی مقامات پر رش بڑھ جاتا ہے، جس کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔

اعلامیے کے مطابق پری چشمہ، ڈومیارہ، اختری، وام تنگی، اسپین تنگی، ازمری شور شاہرگ، انجیر، زندہ پیر اور دیگر تمام معروف پکنک پوائنٹس اس پابندی کے دائرے میں شامل ہیں،ان مقامات پر نہ صرف سیاحوں کے داخلے پر پابندی ہوگی بلکہ کسی بھی قسم کی تفریحی سرگرمی یا عوامی اجتماع کی اجازت بھی نہیں دی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی احکامات پر عمل کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں،ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ شہریوں کی حفاظت انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور تمام اقدامات عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں ۔

اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ صورتحال کو مکمل طور پر قابو میں رکھا جا سکے۔

editor

Related Articles