31 مئی 2026 کو فلکیاتی اعتبار سے ایک خاص اور نایاب منظر دیکھنے کو ملے گا، جب ایک ہی مہینے میں دوسری بار مکمل چاند آسمان پر روشن ہوگا، جسے عام طور پربلیو مون کہا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مئی 2026 کا پہلا مکمل چاند یکم مئی کو دیکھا گیا تھا، جبکہ دوسرا مکمل چاند 31 مئی کو نمودار ہوگا، فلکیات کے مطابق ایسے مہینے جن میں دو بار مکمل چاند نظر آئیں، ان میں دوسرے چاند کو بلیو مون کہا جاتا ہے،واضح رہے کہ اس اصطلاح کا مطلب چاند کا نیلا یا رنگ بدلنا نہیں ہوتا، بلکہ یہ صرف کیلنڈر میں ایک اضافی مکمل چاند کی نشاندہی کرتا ہے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق 2026 کے دوران مجموعی طور پر 12 کے بجائے 13 مکمل چاند دیکھنے کو ملیں گے، جس کی وجہ بلیو مون کا وقوع ہے،یہ اصطلاح 1940 کی دہائی میں ایک جریدے میں غلط تشریح کے بعد مقبول ہوئی اور وقت کے ساتھ عام استعمال میں شامل ہوگئی۔
فلکیاتی ماہرین کے مطابق بلیو مون کی دو اقسام ہیں ایکسیزنل بلیو مون اور دوسری منتھلی بلیو مون سیزنل بلیو مون اس وقت ہوتا ہے جب ایک موسم میں چار مکمل چاند نظر آئیں اور تیسرے چاند کو سیزنل بلیو مون کہا جاتا ہے۔
اس کی ایک مثال 19 اگست 2024 کو دیکھی گئی تھی جبکہ منتھلی بلیو مون وہ ہوتا ہے جب ایک ہی مہینے میں دو بار مکمل چاند نظر آئے، جیسا کہ مئی 2026 میں ہوگا اور اس سے قبل ایسا منظر اگست 2023 میں دیکھا گیا تھا۔
مئی 2026 کے دونوں مکمل چاند مائیکرو مون بھی ہوں گے، یعنی عام مکمل چاند کے مقابلے میں قدرے چھوٹے اور کم روشن دکھائی دیں گے، اس کی وجہ یہ ہے کہ اس وقت چاند زمین سے اپنے سب سے زیادہ فاصلے پر ہوگا۔
اس موقع پر چاند زمین سے تقریباً 4 لاکھ 6 ہزار کلومیٹر کے فاصلے پر ہوگا، جس کے باعث یہ معمول کے مقابلے میں تقریباً 7 فیصد چھوٹا اور 30 فیصد کم روشن نظر آئے گا۔