مسیحی برادری کا ایسٹر تہوار پر مذہبی جوش و جذبہ، صدر، وزیراعظم کی مبارکباد

مسیحی برادری کا ایسٹر تہوار پر مذہبی جوش و جذبہ، صدر، وزیراعظم کی مبارکباد

پاکستان سمیت دُنیا بھر میں مسیحی برادری ایسٹر تہوار مذہبی جوش و جذبے، عقیدت و احترام کے ساتھ منا رہی ہے۔ پاکستان بھر کے تمام گرجا گھروں میں سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جہاں واک تھرو گیٹ اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ ایسٹر کی عبادت صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے کے درمیان منعقد کی گئیں۔

ایسٹر کے موقع پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور دنیا بھر میں مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے قومی ترقی میں ان کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے تمام مذاہب کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی پر زور دیا۔

اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ایسٹر مسیحی بھائیوں کے لیے امید، تجدید مذہبی جوش و جذبے کا دن ہے۔ ’ یہ ہمیں ہمدردی، قربانی اور معافی کی یاد دلاتا ہے۔ مسیحی برادری نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہم تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، سماجی بہبود اور عوامی خدمت میں ان کی خدمات کو تہہ دل سے تسلیم کرتے ہیں۔

آصف علی زرداری نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور ان کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے حکومت کے مسلسل عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں معاشرے میں امن، ہم آہنگی اور بقائے باہمی کے لیے ان کی لگن پر فخر ہے‘۔

وزیراعظم شہباز شریف اپنے پیغام میں مسیحی برادری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ایسٹر کو عقیدے اور تجدید کی علامت کے طور پر اہمیت دینے پر زور دیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایسٹر ہمیں ایمان کی پائیدار طاقت اور یسوع مسیح کی تعلیمات کی یاد دلاتا ہے، جس کا ہمدردی اور محبت کا پیغام انسانیت کی تعلیم دیتا ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان کے قیام میں مسیحی برادری کے تاریخی کردار اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اس کے مسلسل کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مسیحی ایک جامع اور متحدہ پاکستان کی تشکیل میں فعال شراکت دار رہیں گے۔

ادھر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی مسیحیوں کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسٹر باہمی احترام اور محبت کا درس دیتا ہے۔ مسیحی شہریوں نے پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ہم تمام اقلیتوں کا احترام کرتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ محبت اور ہم آہنگی قومی ترقی کا باعث بنتی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی مسیحی براداری کو ایسٹر کے تہوار پر مبارکباد پیش کی اور ملک کی ترقی میں ان کے کردار کو سراہا، بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں مسیحی برادری کے کردار کو ملک میں مذہبی آہم آہنگی اور یگانگت کے لیے اہم قرار دیا۔

دریں اثنا ملک کے  138 چرچز میں اتوار کو ایسٹر تہوار مذہبی جوش و جذبے سے ادا کیا گیا، چرچز میں پادری حضرات نے ملک کی ترقی اور فلاح کے لیے دعائیں کیں، تمام چرچز میں صبح 9 سے دن 1 بجے تک مذہبی رسومات ادا کی گئیں، اس دوران چرچز کے باہر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *