مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حالیہ حملے کے بعد پاک – بھارت کشیدگی میں سائبر میدان پر بھی شدت آ گئی ہے۔ پاکستانی سائبر ہیکٹیوسٹ گروپ ’ٹیم پاگل پی کے‘ نے بھارتی آرمی کالج آف نرسنگ کی ویب سائٹ ہیک کر لی، جس سے بھارتی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی کمزوری ایک بار پھر سامنے آ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز ہیکرز نے انڈین آرمی کالج آف نرسنگ کی آفیشل ویب سائٹ کو ہٹا دیا اور ایک پیغام جاری کیا جس میں لکھا تھا:’’ آپ ہیک ہو گئے ہیں!! ٹیم پاگل پی کے‘‘۔ اس سائبر حملے کے بعد ویب سائٹ فی الوقت’’اپ گریڈیشن کے تحت‘‘ ظاہر ہو رہی ہے اور اس تک رسائی ممکن نہیں رہی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں بھارت کی سرکاری اور دیگر ویب سائٹس پر متعدد ڈسٹری بیوٹڈ ڈینائل آف سروس (ڈی ڈی او ایس) اور دیگر سائبر حملے کیے گئے ہیں، جن کے پیچھے مبینہ طور پر ’ٹیم پاگل پی کے‘ کا ہاتھ ہے۔ اس گروپ کی سرگرمیاں 2023 کے اوائل سے بھارتی سائبر اسپیس، سرکاری نظام اور کاروباری اداروں کو نشانہ بناتی رہی ہیں۔
ڈی ڈی او ایس حملے ایک ایسا حربہ ہیں جن میں نیٹ ورک کو حد سے زیادہ ٹریفک سے بھر کر ناقابل رسائی بنا دیا جاتا ہے، جو کہ سائبر جنگ میں عام طریقہ کار تصور کیا جاتا ہے۔
ادھر سیکیورٹی حلقوں کا کہنا ہے کہ مسلح افواج کے کسی ادارے کی آفیشل ویب سائٹ کا ہیک ہونا سائبر سیکیورٹی کی سنگین خلاف ورزی ہے، جس پر بھارتی سائبر سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔