پاکستان میں تیز ترین انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وائی فائی 7 کے استعمال کے لیے 6 گیگا ہرٹز بینڈ کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد ملک ایشیا پیسیفک کے ان اولین ممالک میں شامل ہوگیا ہے جو اس جدید ٹیکنالوجی کو اپنارہے ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق 6 گیگا ہرٹز بینڈ کی منظوری آئندہ آنے والی تمام وائی فائی جنریشنز کے لیے دی گئی ہے۔ یہ منظوری وائی فائی 6 ای کے پہلے سے منظور شدہ معیار کے مطابق ہے۔
جدید وائی فائی 7 ٹیکنالوجی نہایت تیز رفتار ڈیٹا ریٹس، کم ترین لیٹنسی اور شاندار کارکردگی فراہم کرے گی۔ یہ نظام گھروں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں، تعلیمی اداروں، صحت عامہ کے مراکز اور اسمارٹ سٹی منصوبوں میں تیز رفتار اور قابلِ اعتماد کنیکٹیویٹی کو یقینی بنائے گا۔
ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ وائی فائی 7 کا نفاذ پاکستان میں ڈیجیٹل انقلاب کی طرف ایک اہم سنگ میل ہے، جس کے نتیجے میں صارفین کو عالمی معیار کی تیز ترین انٹرنیٹ سہولیات دستیاب ہوں گی۔