دشمن اس ڈراونے خواب سے نہیں نکل سکے گا، وزیراعظم شہباز شریف

دشمن اس ڈراونے خواب سے نہیں نکل سکے گا، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد میں معرکۂ حق میں تاریخی فتح کی مناسبت سے یومِ تشکر کی تقریبات پاکستان مونومنٹ پر جاری ہے۔ 

تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیراعظم شہباز شریف تھے، جب کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔

تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے شاہینوں نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا، جس کے ذریعے قوم کے عزم و حوصلے کو سلام پیش کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف یوم تشکر کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن نے اسلحے پر کھربوں ڈالر خرچ کیے اور خود کو جنوبی ایشیا کا تھانیدار سمجھا، لیکن ہماری حکمت عملی نے اس کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن یہ گمان کر بیٹھا تھا کہ پاکستان کی کوئی حیثیت نہیں، مگر پاک افواج نے اس کا زعم توڑتے ہوئے بھارت کے چھ جنگی طیارے مار گرائے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ آرمی چیف نے اطلاع دی کہ دشمن نے میزائل حملے کیے ہیں، اور منہ توڑ جواب دینے کے لیے اجازت طلب کی۔ “میں نے اجازت دی، اور ہماری افواج نے ایسا تھپڑ مارا کہ دشمن کا سر چکرا گیا”، انہوں نے کہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکمت عملی نے نہ صرف دشمن کے ہوش اڑا دیے بلکہ دوست ممالک کا اعتماد بھی بڑھایا۔ ہمارے شاہینوں نے دشمن کے رافیل طیارے تباہ کیے اور اسے چھپنے کی جگہ نہ دی۔ آج دنیا بھر میں پاک فوج کی شجاعت اور کارکردگی پر بات ہو رہی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں صرف چند گھنٹوں میں سرخرو کیا۔ کشیدگی میں کمی کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کو بھی سراہا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم سب مل کر قائداعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ہم نے ماضی میں تین جنگیں لڑیں، لیکن ان سے کچھ حاصل نہ ہو سکا، اب وقت ہے کہ حکمت عملی، یکجہتی اور ترقی کو اپنایا جائے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *