سندھ حکومت نے 1998 میں پاکستان کے جوہری تجربات کے تاریخی لمحہ کے موقع پر ’یوم تکبیر‘ کی مناسبت سے 28 مئی بدھ کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
چیف سیکریٹری سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اس موقع پر سندھ بھر میں صوبائی محکموں، خود مختار اداروں اور مقامی میونسپل کونسلز سمیت تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔
حکومت کے فیصلے کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ قومی دن کے موقع پر 28 مئی کو تجارتی سرگرمیاں معطل رکھے گا۔
پیر کو جاری ہونے والے ایک سرکاری نوٹس میں پی ایس ایکس نے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو آگاہ کیا کہ یہ فیصلہ حکومت پاکستان کی طرف سے اعلان کردہ عام تعطیل کے مطابق ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ افراد کو مطلع کیا جاتا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج لمیٹڈ 28 مئی 2025 بروز بدھ کو بند رہے گی کیونکہ حکومت پاکستان نے یوم تکبیر کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے 28 مئی 1998 کو بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب بلوچستان کے علاقے چاغی میں ایٹمی دھماکوں سے دیا تھا۔ 27 سال قبل ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا اور تمام پاکستانی اس دن کو یوم تکبیر کے نام سے یاد کرتے ہیں۔