وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف 4 ملکی دورے کے پہلے مرحلے پر استنبول پہنچ گئے

وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف  4 ملکی دورے کے پہلے مرحلے پر استنبول پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف کا یہ حالیہ دورہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کے اصولی موقف کی غیر متزلزل حمایت پر ترک عوام اور خاص طور پر صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کرنے کے لیے ہے۔

وزیراعظم ترک صدر سے ملاقات کریں گے اور دفاع، معیشت، سیاحت اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

قبل ازیں استنبول ایئرپورٹ پہنچنے پر ترک وزیر دفاع یاشار گلر، گورنر استنبول، پاکستان ترک کلچرل ایسوسی ایشن کے صدر، ترکی میں پاکستان کے سفیر، قونصل جنرل استنبول، ترک حکومت کے اعلیٰ حکام اور ترکی میں تعینات پاکستانی سفارت کاروں نے ان کا استقبال کیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔وزیراعظم رواں ماہ کی 30 تاریخ تک ترکی، ایران، آذربائیجان اور تاجکستان کا دورہ کریں گے۔

دورے کے دوران وزیراعظم ان ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے امور پر وسیع پیمانے پر بات چیت کریں گے۔انہیں بھارت کے ساتھ حالیہ بحران کے دوران دوست ممالک کی طرف سے پاکستان کو دی گئی حمایت کی گہری تعریف اور اعتراف کا بھی موقع ملے گا۔

وزیراعظم اس ماہ کی 29 اور 30 ​​تاریخ کو تاجکستان کے شہر دوشنبے میں گلیشیئرز پر بین الاقوامی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔ قبل ازیں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں سیاسی، علاقائی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے جاری علاقائی پیشرفت کو مدنظر رکھتے ہوئے اندرونی اور بیرونی سلامتی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ پی پی پی چیئرمین نے وزیراعظم کو پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے حالیہ رابطوں پر بریفنگ دی اور وزارت خارجہ میں ہونیوالی حالیہ بریفنگ کی تفصیلات بتائیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *