۔ویب ڈیسک۔ وزارت اوورسیز پاکستانی و انسانی وسائل کی ترقی کے تحت کام کرنے والے ادارے اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن (OEC) نے کویت کے لیے ملازمین بھجوانے کا اعلان کیا ہے۔ اس ضمن میں دلچسپی رکھنے والے امیدوار 5 جون تک درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، ایک نجی کمپنی کو کویت میں سیکیورٹی گارڈز درکار ہیں۔ امیدواروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ جسمانی اور ذہنی طور پر مکمل طور پر صحت مند ہوں۔ ان افراد کو ترجیح دی جائے گی جن کے پاس سیکیورٹی کے شعبے میں 2 سے 3 سال کا تجربہ ہو، تاہم غیرمعمولی صلاحیت رکھنے والے نئے امیدوار بھی اہل ہو سکتے ہیں۔ انگریزی زبان میں بات چیت اور تحریر کی اچھی مہارت بھی ضروری قرار دی گئی ہے۔
تعلیمی قابلیت کم از کم میٹرک یا انٹرمیڈیٹ ہونی چاہیے، جب کہ امیدوار کا قد کم از کم 179 سینٹی میٹر (5 فٹ 9 انچ) اور عمر 23 سے 36 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔ صرف مرد امیدوار درخواست دے سکتے ہیں اور ان کے پاس کم از کم 2 سال کے لیے کارآمد پاسپورٹ ہونا لازمی ہے۔ درخواست کے ساتھ قومی شناختی کارڈ کی کاپی بھی منسلک کرنا ضروری ہے۔
کمپنی کی جانب سے مفت رہائش، ٹرانسپورٹ، جم کی سہولت، سرکاری میڈیکل انشورنس، گروپ لائف انشورنس اور ماہانہ 28 دن، روزانہ 12 گھنٹے کام کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ویزا اور رہائش کے اخراجات کمپنی خود برداشت کرے گی۔
درخواستیں او ای سی کی ویب سائٹ https://oec.gov.pk پر آن لائن جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ کسی بھی تکنیکی مسئلے کی صورت میں OEC کی ہیلپ ڈیسک سے UAN: 0311-0011-632 یا ای میل helpdesk@oec.gov.pk پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ درخواست کے ساتھ 500 روپے کا بینک چالان منسلک کرنا بھی ضروری ہے۔