انمول پنکی کیس، تحقیقات نے مزید اہم کرداروں کو لپیٹ میں لے لیا

انمول پنکی کیس، تحقیقات نے مزید اہم کرداروں کو لپیٹ میں لے لیا

انمول پنکی کیس میں مزید اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں ملزمہ کو عدالت میں پیش کرنے والی دو لیڈی کانسٹیبلز کو بھی معطل کردیا گیا جس کے بعد مقدمے میں معطل پولیس اہلکاروں کی مجموعی تعداد 5 ہوگئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق کراچی پولیس کے ایس ایس پی ساؤتھ نے دونوں لیڈی اہلکاروں کو غفلت اور لاپروائی برتنے پر معطل کیا۔ ان اہلکاروں پر الزام ہے کہ انہوں نے عدالت میں پیشی کے دوران ملزمہ کو بغیر ہتھکڑی پیش کیا اور مناسب سیکیورٹی پروٹوکول پر عمل نہیں کیا۔

اس سے قبل گارڈن پولیس کے تین افسران بھی معطل کیے جا چکے ہیں جن میں ایس ایچ او حنیف سیال، ایس آئی یو ظفر اقبال اور تفتیشی افسر سعید احمد شامل ہیں۔ ان افسران پر ملزمہ کو غیر معمولی پروٹوکول دینے اور عدالت میں خصوصی سہولت فراہم کرنے کے الزامات سامنے آئے تھے۔

 واقعے کے بعد ایڈیشنل آئی جی کراچی نے معاملے کی تفصیلی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ کو انکوائری آفیسر مقرر کیا ہے جبکہ تین روز میں مکمل رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:انمول پنکی کیس میں تہلکہ خیز انکشافات، کیس نے نیا رخ اختیار کرلیا

غیرجانبدار تحقیقات کیلئے ایس پی انویسٹی گیشن سٹی کی نگرانی میں خصوصی تفتیشی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے جس میں مختلف سینئر افسران شامل ہیں۔ ٹیم کو ہدایت دی گئی ہے کہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر 15 روز میں جامع رپورٹ پیش کی جائے۔

اس کے علاوہ ایس ایس پی ساؤتھ، سٹی اور ایس ایس آئی یو پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم بھی قائم کی گئی ہے جس کی نگرانی ڈی آئی جی ساؤتھ کریں گے۔

 انمول پنکی منشیات اسمگلنگ کے ایک بڑے کیس میں گرفتار ہوئی تھیں اور ان کے مبینہ نیٹ ورک سے متعلق تحقیقات جاری ہیں جبکہ پولیس اہلکاروں کے رویے اور پروٹوکول دینے کے معاملے نے بھی کیس کو مزید حساس بنا دیا ہے۔

editor

Related Articles