پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی نے اپنے بیٹے کے بیرونِ ملک پناہ لینے کی خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے اس عمل کو حکومت کا قصور قرار دیا ہے۔
ویڈیو بیان میں اقبال آفریدی نے کہا کہ وہ اپنے جوان بیٹے سے محروم ہو چکے ہیں اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح کے مظالم ان پر اور ان کے خاندان پر ڈھائے جا رہے ہیں اس نے ان کے بیٹے کو اپنے والد سے جدا ہونے پر مجبور کر دیا۔
اقبال آفریدی نے کہا کہ میرا بیٹا ان کے مظالم کی وجہ سے گیا ہے، ایک باپ کو اپنے جوان بیٹے سے محروم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اداروں اور حکومت کو ان سے ہمدردی کرنی چاہیے تھی، مگر اس کے برعکس انہیں اس کرب میں مبتلا کیا گیا جو عمر بھر کا روگ بن چکا ہے۔
انہوں نے موجودہ حالات کو اس جدائی کی اصل وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس درد کا اندازہ وہی لگا سکتا ہے جو اس سے گزر رہا ہو۔
یاد رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ اقبال آفریدی کے بیٹے نے اٹلی میں سیاسی پناہ کی درخواست دی ہے، جس پر اب اقبال آفریدی نے اپنی خاموشی توڑ دی ہے اور اس معاملے کی تفصیل بیان کی ہے۔
سوشل میڈیا پر تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے اقبال آفریدی کو بیٹے کے اس عمل کی وجہ سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے اقبال آفریدی پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ایک جانب تحریک انصاف کے رہنما کارکنان کو احتجاج کرنے پر اکسا رہے ہیں تو دوسری جانب اپنے بیٹے کی اٹلی میں پناہ لینے کے عمل کے لئے جواز پیش کررہے ہیں۔