وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ملاقات کی، جس میں رواں سال حج آپریشن کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ حج آپریشن کے سلسلے میں انتظامی، سفری اور سہولتی اقدامات پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے جبکہ پاکستانی عازمین حج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سعودی عرب میں پاکستانی حج مشن کی جانب سے رہائش، ٹرانسپورٹ، طبی سہولیات اور دیگر ضروری انتظامات کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ عازمین حج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر ہدایت کی کہ عازمین حج اللہ تعالیٰ کے مہمان ہیں، اس لیے ان کی خدمت میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سعودی عرب میں تمام انتظامات اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں اور عازمین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک کے مختلف ائیرپورٹس پر عازمین حج کے لیے خصوصی سہولیات یقینی بنائی جائیں تاکہ ان کا سفر آرام دہ اور آسان بنایا جا سکے۔
دریں اثنا وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی اور انہیں رواں سال مون سون سیزن کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم کو پہاڑی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور اچانک سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے نصب کیے جانے والے ابتدائی وارننگ سسٹم کی پیش رفت اور کارکردگی سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ مون سون سیزن کے پیش نظر پیشگی اور جامع تیاریاں یقینی بنائی جائیں تاکہ ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
انہوں نے زور دیا کہ ابتدائی وارننگ سسٹم کو مزید مؤثر بنایا جائے اور حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ بروقت حفاظتی اقدامات ممکن بنائے جا سکیں۔