میر پور خاص میں معرکۂ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر شاندار جشن منایا گیا، جہاں ہزاروں شہریوں نے پاک افواج کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ رنگا رنگ تقریب میں آتشبازی، ثقافتی پروگراموں اور ملی نغموں نے ماحول کو حب الوطنی کے جذبے سے سرشار کردیا۔
تقریب میں صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقا ر علی شاہ نے خصوصی شرکت کی جبکہ ٹاؤن چیئرمین سید شازل علی شاہ، ضلعی انتظامیہ، پولیس افسران اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات بھی شریک ہوئیں۔ جشن کے دوران ہونے والی شاندار آتشبازی سے پورا آسمان رنگ و نور سے جگمگا اٹھا اور شرکاء نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔
تقریب میں ثقافتی رنگ بھی نمایاں رہے جہاں معروف فنکار صنم ماروی ، تاج مستانی، طفیل سنجرانی، زبیر رحمان، اصغر کھوسو اور علی گل ملاح نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ صوفیانہ کلام اور ملی نغموں نے شرکاء کا جوش مزید بڑھا دیا۔
اپنے خطاب میں سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں تاریخی کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی آر ایس ایس سوچ ہمیشہ خطے میں جنگی جنون کو فروغ دیتی رہی ہے لیکن پاکستانی قوم اور افواج نے متحد ہو کر دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔
انہوں نے پاک فضائیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے دشمن کے 6 طیارے گرا کر اس کا غرور خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سطح پر بھارتی جارحیت اور دہشتگردی کو مؤثر انداز میں بے نقاب کیا۔صوبائی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔