پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے جنڈ اور خوشحال گڑھ پل کے قریب ایک بہادر شہری نے اپنی جان قربان کرکے درجنوں قیمتی جانیں بچا لیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع اٹک کی تحصیل جنڈ کے گاؤں منکور سے تعلق رکھنے والے شہری لیاقت نے مشتبہ شخص کو دیکھ کر اس کا راستہ روکا اور شناخت پوچھنے کی کوشش کی، جس پر مبینہ خودکش حملہ آور نے گھبراہٹ میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
دھماکے کے نتیجے میں بہادر شہری لیاقت شہید ہوگئے جبکہ حملہ آور بھی مارا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور کا ہدف بین الصوبائی علاقے میں قائم حساس چیک پوسٹ تھی تاہم شہری کی بروقت بہادری نے ممکنہ بڑے سانحے کو ٹال دیا۔
ذرائع کے مطابق شہید لیاقت پاکستان ریلوے کے ریٹائرڈ ملازم تھے۔ ان کی جرات اور قربانی کے باعث نہ صرف چیک پوسٹ محفوظ رہی بلکہ اطراف میں موجود متعدد شہریوں کی جانیں بھی بچ گئیں۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات ظاہر کرتے ہیں کہ دہشت گرد عناصر شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں تاہم پاکستانی عوام، پولیس اور افواج متحد ہو کر ان عزائم کو ناکام بنا رہے ہیں۔
علاقے کے عوام نے شہید لیاقت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں قومی ہیرو قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی ان کی بہادری کو بھرپور انداز میں سراہا جا رہا ہے اور صارفین کا کہنا ہے کہ قوم ایسے بہادر شہریوں کی قربانی کبھی فراموش نہیں کرے گی۔