پاکستان ٹیلی وژن کے مقبول ترین ڈراموں میں شمار ہونے والے ایلفا براوو چارلی میں کیپٹن کاشف کا یادگار کردار ادا کرنے والے ریٹائرڈ کیپٹن عبداللہ محمود نے ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے خطرناک ہیلی کاپٹر سین کی یادیں تازہ کر دیں۔
الفا براوو چارلی 1998 میں نشر ہونے والا آئی ایس پی آر کا ایک مشہور ڈرامہ تھا، جسے معروف ہدایتکارشعیب منصورنے
ڈائریکٹ کیا تھا۔ یہ ڈرامہ تین فوجی افسران، کاشف، فراز اور گل شیر کی زندگی پر مبنی تھا اور اسے آج بھی پاکستان کے کامیاب ترین ڈراموں میں شمار کیا جاتا ہے۔
حال ہی میں ایک تقریب کے دوران کیپٹن عبداللہ محمود نے مداحوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈرامے کے سب سے خطرناک سین کا ذکر کیا، جس میں وہ ہیلی کاپٹر سے لٹکتے دکھائی دیے تھے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا، الفا براوو چارلی کا جو منظر مجھے آج بھی سب سے زیادہ یاد ہے، وہ ہیلی کاپٹر والا سین تھا۔ جب ہیلی کاپٹر اوپر گیا تو میری دھڑکن جیسے رک گئی تھی۔ میں نے نیچے پہاڑوں کی طرف دیکھا اور دل میں آیا کہ اگر یہاں سے گر گیا تو بری طرح ختم ہو جاؤں گا۔ لیکن اللہ کا شکر ہے ایسا کچھ نہیں ہوا اور آج میں آپ سب کے سامنے موجود ہوں۔ ہم ہمیشہ اپنے وطن کیلئے لڑتے رہیں گے۔
کیپٹن عبداللہ محمود کی یہ گفتگو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جبکہ مداحوں نے برسوں بعد اپنے پسندیدہ کردار کاشف کو دوبارہ دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔
سوشل میڈیا صارفین نے نہ صرف ان کی یادیں سن کر جذباتی ردعمل دیا بلکہ ان کی حب الوطنی اور بہادری کو بھی خوب سراہا۔ دوسری جانب عبداللہ محمود نے بھی مداحوں کی محبت، عزت اور احترام پر ان کا شکریہ ادا کیا