امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور امید ہے کہ تہران سے متعلق جاری تنازع جلد ختم ہو جائے گا۔
واشنگٹن میں گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا سفارتی ذرائع کے ذریعے کشیدگی کم کرنے اور کسی ممکنہ معاہدے تک پہنچنے کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکا کسی بھی صورت ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق واشنگٹن کا مؤقف پہلے دن کی طرح واضح اور سخت ہے جبکہ کسی بھی ممکنہ معاہدے میں اس پہلو کو بنیادی اہمیت حاصل ہوگی۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے خطے میں سخت ناکہ بندی قائم کر رکھی ہے اور آبنائے ہرمز پر مکمل نگرانی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا آبنائے ہرمز سے گزرنے والی بحری تجارت پر کسی قسم کی ٹرانزٹ فیس عائد کرنے کا خواہاں نہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا یہ بھی نہیں چاہتا کہ افزودہ یورینیم ایران کے اندر موجود رہے کیونکہ مستقبل کے کسی بھی معاہدے میں یہ معاملہ انتہائی حساس اور اہم تصور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے جاری مذاکرات کے نتیجے میں خطے میں استحکام پیدا ہوگا اور کشیدگی میں کمی آئے گی۔