مومنہ اقبال کو رکن پنجاب اسمبلی کی جانب سے دھمکیوں کے معاملے پر جمع درخواست پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے ) نے فریقین کو آج طلب کر لیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ مومنہ اقبال کی درخواست پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے باضابطہ قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا خان کو طلب کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق این سی سی آئی اے نے دونوں افراد کو 22 مئی بروز جمعہ پیش ہونے کی ہدایت جاری کی ہے، اداکارہ مومنہ اقبال نے اپنی درخواست میں الزام عائد کیا تھا کہ انہیں ایک بااثر سیاسی شخصیت کی جانب سے طویل عرصے سے آن لائن ہراسانی، سائبر بُلنگ، ذہنی دباؤ اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا ہے۔
اداکارہ نے گزشتہ روز انسٹاگرام سٹوری پر ایک تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے اس معاملے کی متعدد بار این سی سی آئی اے، ایف آئی اے اور پنجاب پولیس کو شکایات درج کروائیں ، تاہم مبینہ سیاسی اثر و رسوخ کے باعث مناسب کارروائی نہیں ہوسکی، ان کے مطابق انصاف فراہم کرنے کے بجائے ان کی حوصلہ شکنی کی گئی جبکہ انہیں اور ان کے اہلخانہ کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
مومنہ اقبال نے اپنی پوسٹ میں متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ معاملے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات ہوں اور انہیں اور ان کے خاندان کو فوری تحفظ فراہم کیا جائے، اداکارہ نے اعلیٰ حکام، اہم سرکاری دفاتر، نیوز چینلز اور مختلف میڈیا پلیٹ فارمز کو بھی اپنی پوسٹ میں ٹیگ کیا تھا۔
مومنہ اقبال نے مزید کہا تھا کہ انہیں امید ہے کہ اختیارات کے ناجائز استعمال یا انصاف کی راہ میں رکاوٹ بننے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
اداکارہ کی پوسٹ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی معاملہ وائرل ہوگیااور متعدد صارفین نے سیاسی شخصیات اور متعلقہ اداروں کو ٹیگ کرتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیاتھا۔