پاکستان اور روس نے پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان صنعتی تعاون کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
یہ معاہدہ وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر کی قیادت میں ماسکو کے دورے کے دوران طے پایا۔ پاکستان کے سیکریٹری برائے صنعت و پیداوار اور روسی حکام نے اسٹیل ملز کی بحالی سے متعلق پروٹوکول پر دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت، روس پاکستان اسٹیل ملز کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں تعاون فراہم کرے گا۔ یہ اقدام نہ صرف صنعتی پیداوار میں اضافے کا باعث بنے گا بلکہ ملک بھر میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا۔پاکستان اور روس
ہارون اختر نے اس موقع کو پاکستان کی صنعتی ترقی کے لیے ایک اہم ’سنگِ میل‘ قرار دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’یہ معاہدہ وزیرِاعظم کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت ملک کو ایک مضبوط صنعتی بنیاد فراہم کرنی ہے۔ روس کی شراکت داری ہمارے معاشی سفر کا ایک نیا باب ثابت ہوگی‘۔
حکام کے مطابق اس تعاون میں تکنیکی بہتری، پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور افرادی قوت کی تربیت شامل ہوگی، جس سے پاکستان اسٹیل ملز علاقائی سطح پر مزید مسابقتی بن سکے گی۔
پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کو ملک کے مینوفیکچرنگ شعبے کو دوبارہ فعال بنانے اور درآمد شدہ اسٹیل پر انحصار کم کرنے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو قومی انفرااسٹرکچر کی ترقی میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔