بارشوں اور سیلاب کا خدشہ، ملک بھر کے ٹیلی کام آپریٹرز ہائی الرٹ

بارشوں اور سیلاب کا خدشہ، ملک بھر کے ٹیلی کام آپریٹرز ہائی الرٹ

مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی  اور ملک بھر کی ٹیلی کام کمپنیوں کو ہنگامی منصوبے فوری طور پر فعال کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

وزارت نے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور شدید بارشوں و ممکنہ سیلاب سے ٹیلی کمیونیکیشن انفراسٹرکچر کو محفوظ رکھنے کے لیے فوری احتیاطی اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیںاے آئی پر اخراجات میں بڑا اضافہ متوقع،نئی رپورٹ سامنے آگئی

جاری کردہ ہدایات کے مطابق پی ٹی اے کو خصوصی کنٹرول روم فعال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا سکے اور ہنگامی حالات میں بروقت رابطہ اور امدادی کارروائیوں کو مربوط بنایا جا سکے۔

وزارت نے پی ٹی اے کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مشترکہ اور مؤثر حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں :اب فون نمبر شیئر کیے بغیر بھی رابطہ ممکن ، واٹس ایپ کا نیا یوزرنیم فیچر متعارف کرانے کااعلان

ٹیلی کام آپریٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں رہیں، موسم کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں، نیٹ ورک کو درپیش خطرات کا جائزہ لیں اور سروس میں تعطل سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات کریں۔

وزارت نے زور دیا ہے کہ قدرتی آفات کے دوران مواصلاتی خدمات ہر صورت بحال رہنی چاہییں۔ اس مقصد کے لیے سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں میں نیٹ ورک کی مسلسل نگرانی، بحالی ٹیموں کی پیشگی تعیناتی اور کسی بھی نقصان کی صورت میں فوری مرمت کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :دفاعی میدان میں پاکستان کی بڑی کامیابی، اپنے ڈرون انجن تیار کر لیے

واضح رہے کہ گزشتہ برس مون سون بارشوں اور سیلاب کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں ٹیلی کام انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا تھا، جس کے بعد رواں سال ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

editor

Related Articles