اب فون نمبر شیئر کیے بغیر بھی رابطہ ممکن ، واٹس ایپ کا نیا یوزرنیم فیچر متعارف کرانے کااعلان

اب فون نمبر شیئر کیے بغیر بھی رابطہ ممکن ، واٹس ایپ کا نیا یوزرنیم فیچر متعارف کرانے کااعلان

 میٹا کی زیرملکیت واٹس ایپ اب ہماری روزمرہ زندگی میں پیغام رسانی کا اہم حصہ بن چکا ہے کیونکہ میسجز، تصاویر بلکہ اہم دستاویزات کے تبادلے کے لیے زیادہ تر لوگ واٹس ایپ کا ہی بطور محفوظ ایپ استعمال کرتے ہیں۔

لیکن کبھی کبھی آپ کچھ لوگوں سے اپنا نمبر شیئر کیے بغیر بھی رابطے میں رہنا چاہتے ہیں جس کے لیے واٹس ایپ نے اب اپنے صارفین کی اس مشکل کو حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واٹس ایپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے صارفین کے لیے ’یوزر نیم‘ کا نیا فیچر متعارف کروانے جا رہا ہے، اس فیچر کے تحت  اگر آپ کسی کو اپنا موبائل نمبر نہیں دینا چاہتے تو آپ ایسے شخص کو صرف اپنا واٹس ایپ ’یوزر نیم‘ دے کر بھی اُس سے رابطے میں رہ سکتے ہیں۔

یعنی وہ شخص آپ کے ’یوزر نیم‘ کے ذریعے ہی آپ سے واٹس ایپ پر رابطہ کر سکے گا، آپ کو اسے اپنا فون نمبر دینے کی ضرورت نہیں اور اس طرح وہ آپ کے فون نمبر پر ڈائریکٹ کال یا ٹیکس میسج بھی نہیں کر سکے گا۔

واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے سے آپ اپنے لیے ’یوزر نیم‘ کا انتخاب کر سکتے ہیں اور آئندہ دنوں میں یہ فیچر باضابطہ طور پر متعارف کروا دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں :صارفین کا طویل انتظار ختم ، واٹس ایپ میں نیا زبردست فیچر شامل

تاہم اِس نئے فیچر کیلئے آپ کے فون میں واٹس ایپ کا تازہ ترین ورژن ہونا ضروری ہے۔

اس کے بعد آپ واٹس ایپ کی سیٹنگز میں اکاؤنٹ میں جا کر ’یوزر نیم‘ کی ریکویسٹ کر سکتے ہیں تاہم ’یوزر نیم‘ رکھنا لازمی نہیں ہو گا یعنی جب آپ چاہیں گے تو آپ اپنے نمبر کے ذریعے واٹس ایپ کا استعمال جاری رکھ پائیں گے۔

واٹس ایپ کے مطابق ’یوزر نیم‘ زیادہ سے زیادہ 35 حروف پر مشتمل ہو گا اور صارفین کے پاس اپنا یوزر نیم تبدیل یا حذف کرنے کی سہولت بھی موجود ہو گی،  یہ فیچر آئندہ چند ماہ کے دوران مرحلہ وار دنیا بھر میں واٹس ایپ کے تقریباً 3 ارب صارفین کیلئے دستیاب ہو گا۔

واٹس ایپ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ یوزرنیم کیلئے معروف شخصیات اور اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کے نام عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے تاکہ جعل سازی اور دھوکہ دہی سے محفوظ رہا جاسکے ، اور ایک بار جب یہ فیچر مکمل طور پر ایکٹیویٹ ہو جائے گا تو انفرادی فون نمبر واٹس ایپ پر نظر نہیں آئے گا تاہم واٹس ایپ اکاؤنٹ بنانے اور خود کو رجسٹر کرنے کیلئے آپ کو اپنے فون نمبر کی ضرورت اب بھی ہو گی۔

واٹس ایپ نے اس نئے فیچر کو اپنے صارفین کی پرائیویسی میں اضافے کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔

editor

Related Articles