شرح سود 11 فیصد پر برقرار، معیشت کی بہتری کے لیے کام ہو رہا ہے، گورنر اسٹیٹ بینک

شرح سود 11 فیصد پر برقرار، معیشت کی بہتری کے لیے کام ہو رہا ہے، گورنر اسٹیٹ بینک

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے آئندہ 2 ماہ کے لیے پالیسی ریٹ 11 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک، جمیل احمد نے اعلان کیا کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی نے تمام اہم معاشی اشاریے دیکھ کر یہ فیصلہ کیا ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’حالیہ مہینوں میں مہنگائی میں کمی دیکھی گئی ہے، اپریل میں مہنگائی کی شرح کم ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی، تاہم مئی اور جون میں اس میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔ فی الوقت مہنگائی کی شرح 7.2 فیصد ہے، جو کہ مقررہ ہدف سے کچھ کم ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ معاشی اشاریوں میں مجموعی طور پر بہتری آئی ہے۔ خاص طور پر ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو اس سال 38 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے، جبکہ گزشتہ سال یہ تقریباً 30 ارب ڈالر تھیں۔

گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق بیرونی کھاتوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں بہتری آئی ہے اور یہ 14 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ برآمدات میں بھی اضافہ ہوا ہے، جو معیشت کے استحکام کی علامت ہے۔

گورنراسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ آئندہ مہینوں میں معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید فیصلے کیے جائیں گے، تاہم فی الوقت پالیسی ریٹ کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنا ہی موزوں سمجھا گیا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *