شدید گرمی کے باعث گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے نتیجے میں بالائی ہنزہ کے علاقے مورخون میں دریا کی تند و تیز موجوں نے شاہراہ قراقرم کا ایک وسیع حصہ اپنے ساتھ بہا لیا، جس کے باعث پاکستان اور چین کو زمینی طور پر ملانے والا اہم راستہ منقطع ہو گیا۔
صوبائی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق گلگت بلتستان میں دریا کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور مورخون میں دریائی کٹاؤ کے باعث قراقرم ہائی وے کا ایک اہم ٹکڑا دریا میں شامل ہو گیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔
اس صورت حال کے پیش نظر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے فوری طور پر شاہراہ کی مرمت اور بحالی کی ہدایات جاری کی ہیں اور متعلقہ محکموں کی ٹیمیں مورخون کی طرف روانہ کر دی گئی ہیں تاکہ جلد از جلد راستے کو بحال کیا جا سکے۔