عرب میڈیا الجزیرہ نے اپنی رپورٹ میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی 10 سالہ مہم کو ناکام قرار دے دیا ۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق مودی کا 2016ء میں پاکستان کو دنیا سے الگ تھلگ کرنے کا اعلان بری طرح ناکام ہو گیا کیونکہ پاکستان آج امریکا، چین، ایران اور سعودی عرب کے ساتھ بیک وقت رابطے میں ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان خطے اور عالمی امور میں ایک اہم فریق کے طور پر ابھر رہا ہے اور 2025ء کی پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھی اسلام آباد نے عالمی سطح پر اپنے بیانیے کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔
الجزیرہ کے مطابق پہلگام واقعے کے بعد پاکستان کے خلاف بھارتی الزامات کو عالمی برادری نے بغیر شواہد کے تسلیم نہیں کیا، جبکہ بھارت کی جانب سے مسلسل مؤقف اپنایا جاتا رہا۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حالیہ کشیدگی کے دوران عالمی سطح پر مختلف بیانات سامنے آئے، جن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بعض شخصیات کو سراہنے کے اشارے بھی شامل ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ معدنی وسائل، سرمایہ کاری کے مواقع اور فعال سفارت کاری کے باعث پاکستان نے امریکی پالیسی سازوں کی توجہ حاصل کی ہے، پاکستان اور چین کی ’ناقابلِ شکست شراکت داری‘ خطے میں ایک نئی حقیقت بن چکی ہے جبکہ پاکستان اور بنگلا دیش کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
علاوہ ازیں پاکستان خلیجی ممالک کے لیے ایک ابھرتے ہوئے سیکیورٹی پارٹنر کے طور پر بھی سامنے آ رہا ہے۔