انڈونیشیا میں ایک گھر کے مالک نے مبینہ طور پر بار بار ہونے والی چوریوں سے تنگ آ کر خود ہی چوروں کو پکڑنے کا منصوبہ بنا لیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اطلاعات کے مطابق، شہری نے اپنے پڑوسیوں کی مدد سے رات کے وقت گھر کے صحن میں4 مشتبہ چوروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پکڑے گئے افراد کو ڈکٹ ٹیپ سے اس طرح لپیٹا گیا کہ وہ مکمل طور پر حرکت کرنے کے قابل نہیں رہے۔ ان کے سروں پر ٹیپ سے کان بھی بنائے گئے، جس کے باعث متعدد صارفین نے انہیں بچوں کے مشہور کرداروں ’ٹِنکی ونکی‘ اور اس کے ساتھیوں سے تشبیہ دی۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جہاں صارفین کی آرا منقسم ہیں۔ کچھ افراد کا کہنا ہے کہ بار بار چوریوں سے تنگ آ کر شہری نے یہی راستہ اختیار کیا، جبکہ دوسرے صارفین کے مطابق قانون کو اپنے ہاتھ میں لینا کسی صورت درست نہیں۔
تاہم اس واقعے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعووں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی، اور نہ ہی مقامی حکام کی جانب سے اس بارے میں کوئی باضابطہ بیان سامنے آیا ہے۔