امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی حالیہ کشیدگی اور جنگ بندی کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان لڑائی کے دوران متعدد طیارے تباہ ہوئے جبکہ ان کی کوششوں سے ایک ممکنہ ایٹمی جنگ ٹل گئی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کے دوران 11 طیارے گرائے گئے ان کا یہ اشارہ واضع طور پر بھارتی طیاروں کے مار گرائے جانے سے متعلق ہے
صدر ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ ان کی سفارتی کوششوں کے باعث پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے جاتے تو دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان تصادم سنگین صورت اختیار کر سکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایسی جنگ کو روکنے میں کردار ادا کیا جس کے نتیجے میں کروڑوں انسانی جانیں ضائع ہو سکتی تھیں۔ ٹرمپ کے مطابق پاکستانی وزیراعظم نے بھی ان سے گفتگو میں کہا کہ جنگ رکنے سے تقریباً 3 کروڑ افراد کی جانیں بچ گئیں۔
صدر ٹرمپ اس سے قبل بھی متعدد مواقع پر پاک بھارت جنگ بندی کا کریڈٹ لیتے رہے ہیں۔ ان کے یہ بیانات ہر بار نئی سیاسی بحث کو جنم دیتے ہیں کیونکہ بھارت کی حکومت مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتی رہی ہے کہ جنگ بندی دوطرفہ فوجی رابطوں کے نتیجے میں عمل میں آئی نہ کہ کسی تیسرے ملک کی ثالثی کے ذریعے۔
ٹرمپ کی جانب سے بار بار جنگ بندی میں امریکی کردار کا ذکر اور حالیہ بیان میں طیارے گرائے جانے کی تعداد کا حوالہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے لیے سیاسی طور پر غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ بھارت میں حزب اختلاف خصوصاً کانگریس ایسے بیانات کو حکومت پر تنقید کے لیے استعمال کرتی رہی ہے اور مودی حکومت سے اس معاملے پر وضاحت کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔