پاکستان کے لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم نے بھارت اور پاکستان کے کھلاڑیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیاسی شور شرابے سے بالاتر ہو کر صرف کھیل پر توجہ دیں اور دباؤ کے بجائے میدان میں کھیل کا لطف اٹھائیں، کیونکہ دونوں روایتی حریف ایشیا کپ ٹی 20 کے ایک ہائی وولٹیج میچ میں اتوار کو آمنے سامنے ہوں گے۔
گروپ اے کا یہ میچ ان دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا مقابلہ ہوگا، اس سال 4 ماہ قبل ہونے والے فوجی جھڑپ کے بعد، جس نے دونوں نیوکلیئر ممالک کے تعلقات کو خطرناک حد تک پہنچا دیا۔ بھارت نے سیاسی دباؤ کے باوجود میچ کا بائیکاٹ کرنے سے انکار کر دیا اور ایشیا کپ میں اپنی شرکت جاری رکھی۔
میچ سے قبل غیر ملکی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے، وسیم اکرم نے کھلاڑیوں کو مثبت سوچ اپنانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’بس کھیل کا لطف اٹھائیں، یہ صرف ایک کرکٹ میچ ہے‘ ۔ ’ہر چیز کو ایک طرف رکھ کر صرف کرکٹ پر دھیان دیں۔ ایک ٹیم جیتے گی، ایک ہارے گی‘۔ اگر جیت جائیں تو اس لمحے کا لطف لیں۔ دباؤ ضرور آئے گا، مگر اس سے گھبرانے کے بجائے اسے انجوائے کریں اور ڈسپلن دکھائیں۔ یہ دونوں ٹیموں اور دونوں ممالک کے شائقین کے لیے’صرف ایک کھیل ہے‘۔”
یہ میچ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں 25,000 تماشائیوں کی مکمل گنجائش متوقع ہے۔ وسیم اکرم، جنہوں نے 19 سال تک بین الاقوامی کرکٹ کھیلی، نے بھارت کے خلاف میچز کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ ایسے مقابلوں کے دباؤ کو انجوائے کرتے تھے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ ’میں نے بھارت کے خلاف ہر میچ سے لطف اٹھایا اور بھارتی کھلاڑی بھی ایسا ہی محسوس کرتے تھے، جو 1999 میں انتہاپسندوں کی دھمکیوں کے باوجود پاکستان ٹیم کو بھارت لے کر گئے تھے اور 1987 کے اس دورے کا بھی حصہ تھے جب دونوں ممالک جنگ کے قریب پہنچ گئے تھے‘۔
وسیم اکرم نے پاکستانی ٹیم، جو کہ نسبتاً نئی اور کم تجربہ کار ہے کو مشورہ دیا کہ وہ صرف بھارت کے خلاف جیت پر توجہ نہ دیں بلکہ ایشیا کپ جیتنے کے بڑے ہدف پر نظریں رکھیں۔
انہوں نے افغانستان اور یو اے ای کے خلاف حالیہ ٹی20 فتوحات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کے پاس موقع ہے کیونکہ انہوں نے گزشتہ ہفتے ایک ٹرائی سیریز جیتی ہے،۔
انہیں صرف یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ ہمیں صرف بھارت سے جیتنا ہے، بلکہ پورا ایشیا کپ جیتنے کا سوچیں‘۔ بھارت نے اپنے افتتاحی میچ میں یو اے ای کو صرف 4.3 اوورز میں ہدف حاصل کر کے بآسانی شکست دی، جبکہ پاکستان نے عمان کو 93 رنز سے ہرایا۔
تاہم، وسیم اکرم نے خبردار کیا کہ ٹورنامنٹ میں کوئی بھی ٹیم اپ سیٹ کر سکتی ہے۔ ’میں نہیں سمجھتا کہ بھارت اور پاکستان کا میچ بھی یو اے ای کے خلاف بھارت کی طرح یکطرفہ ہوگا۔ اس ٹورنامنٹ میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔
ایشیا کپ میں 2 گروپس شامل ہیں، گروپ اے میں بھارت، پاکستان اور عمان ہیں، جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، افغانستان، ہانگ کانگ، اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔ ہر گروپ کی 2 بہترین ٹیمیں سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی اور فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔