عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹس میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان جاری ہے اور مسلسل دوسرے روز بھی قیمتی دھات کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے جس سے سرمایہ کاروں اور صرافہ بازاروں میں محتاط رویہ اختیار کیا جا رہا ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونا آج 400 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 93 ہزار 662 روپے پر آگیا ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونا بھی 343 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 23 ہزار 235 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے فی تولہ چاندی 12 روپے سستی ہو کر 8 ہزار 513 روپے پر آگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی سے بڑی خوشخبری، تیل کی قیمتوں میں تیزی سے کمی،قیمت سو ڈالر سے بھی گر گئی
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ بین الاقوامی سطح پر فی اونس سونا 4 ڈالر کمی کے بعد 4 ہزار 713 ڈالر پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔
عالمی مالیاتی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کی محتاط پالیسی سونے کی قیمتوں پر براہِ راست اثر انداز ہو رہی ہے۔ اگر عالمی معاشی صورتحال میں استحکام نہ آیا تو سونے کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان موجود ہے۔
صرافہ بازار کے تاجروں کے مطابق قیمتوں میں کمی کے باوجود خریداری کا رجحان محدود ہے جبکہ صارفین مستقبل کی قیمتوں کے بارے میں واضح صورتحال کے منتظر ہیں۔

