عالمی منڈی سے بڑی خوشخبری، تیل کی قیمتوں میں تیزی سے کمی،قیمت سو ڈالر سے بھی گر گئی

عالمی منڈی سے بڑی خوشخبری، تیل کی قیمتوں میں تیزی سے کمی،قیمت سو ڈالر سے بھی گر گئی

عالمی مارکیٹ میں کئی روز تک خام تیل کی قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر رہنے کے بعد اچانک بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جسے پاکستان سمیت دنیا بھر کے عوام کیلئے ایک بڑی خوشخبری قرار دیا جا رہا ہے۔ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان پیدا ہو سکتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 10 اعشاریہ 67 فیصد کی بڑی کمی ہوئی ہے جس کے بعد اس کی قیمت کم ہو کر 98 اعشاریہ 57 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے۔ اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس خام تیل بھی 11 اعشاریہ 41 فیصد سستا ہونے کے بعد 90 اعشاریہ 57 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے۔

دوسری جانب نیچرل گیس کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی ہے۔عالمی مارکیٹ میں گیس کی قیمت 2 اعشاریہ 76 فیصد کم ہو کر 2 اعشاریہ 73 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تک آ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا ایران مذاکرات کامیابی کے قریب؟ ٹرمپ نے خوشخبری سنا دی

 عالمی سطح پر تیل کی طلب میں سست روی، سپلائی میں اضافے اور بین الاقوامی سیاسی کشیدگی میں نسبتاً کمی کے باعث قیمتوں میں یہ نمایاں کمی سامنے آئی ہے۔ بعض تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں مثبت پیش رفت اور آبنائے ہرمز کی صورتحال میں نرمی نے بھی مارکیٹ کو استحکام دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

 اگر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں اسی طرح نیچے آتی رہیں تو پاکستان جیسے درآمدی ممالک میں بھی پیٹرول، ڈیزل اور بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی ممکن ہو سکتی ہے، جس سے عوام کو مہنگائی کے دباؤ میں کچھ ریلیف ملنے کی امید ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے خام تیل کی قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر جا رہی تھیں جس کے باعث دنیا بھر میں توانائی بحران اور مہنگائی کے خدشات بڑھ گئے تھے، تاہم اب قیمتوں میں اچانک کمی نے عالمی منڈی میں ایک مثبت ماحول پیدا کر دیا ہے۔

editor

Related Articles