کراچی ایئرپورٹ پر تکنیکی و آپریشنل وجوہات کے باعث 9 پروازیں منسوخ، ایک تاخیر کا شکار

کراچی ایئرپورٹ پر تکنیکی و آپریشنل وجوہات کے باعث 9 پروازیں منسوخ، ایک تاخیر کا شکار

جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب تکنیکی اور آپریشنل وجوہات کی بنا پر 9 پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ ایک پرواز تاخیر کا شکار ہوئی۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق متاثرہ پروازوں میں بین الاقوامی اور اندرون ملک دونوں نوعیت کی پروازیں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ٹیلی کام سروسز میں خرابی، ڈیلاس ایئرپورٹس پر فضائی نظام درہم برہم، 1,800 سے زیادہ پروازیں تاخیر کا شکار، سیکڑوں منسوخ

منسوخ ہونے والی بین الاقوامی پروازوں میں تھائی ایئرویز کی کراچی سے بنکاک جانے والی پرواز TG 342، اومان ایئر کی کراچی سے مسقط جانے والی پرواز WY 324، ایمریٹس ایئرلائن کی کراچی سے دبئی جانے والی پرواز EK 609شامل ہیں۔

منسوخ ہونے والی اندرونِ ملک پروازیں

اندرون ملک منسوخ ہونے والے پروازوں میں ایئر سیال کی کراچی سے لاہور جانے والی دو پروازیں PF 145 اور PF 143، پی آئی اے کی کراچی سے لاہور جانے والی پرواز PK 306، پی آئی اے کی کراچی سے سکھر جانے والی پرواز PK 536، ایئر سیال کی کراچی سے اسلام آباد جانے والی دو پروازیں PF 125 اور PF 123 شامل ہیں۔

تاخیر کا شکار پروازیں

ایئر بلو کی کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز PA 200 تکنیکی وجوہات کے باعث 4 گھنٹے کی تاخیر کے بعد سہ پہر ساڑھے 4 بجے روانہ ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔

مسافروں کو مشکلات

پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث مسافروں کی بڑی تعداد ایئرپورٹ پر پھنس گئی، جن میں خواتین، بچے اور بزرگ بھی شامل تھے۔ کئی مسافروں نے ایئرلائنز کی جانب سے بروقت اطلاع نہ ملنے پر ناراضی کا اظہار کیا۔ بعض مسافروں نے بتایا کہ انہیں ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد ہی پرواز کی منسوخی کا علم ہوا، جس سے وقت اور پیسے دونوں کا ضیاع ہوا۔

مزید پڑھیں:چین اور بھارت براہِ راست پروازیں بحال کرنے پر متفق

ایئرلائنز کی وضاحت

ایئرلائن ذرائع کے مطابق پروازوں کی منسوخی کی بنیادی وجوہات میں تکنیکی خرابی، عملے کی عدم دستیابی اور بعض ایئرکرافٹ کی مرمت شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے متبادل انتظامات کیے جا رہے ہیں اور جلد از جلد معمول کی پروازیں بحال کر دی جائیں گی۔

حکام کا ردعمل

ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئرلائنز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ مسافروں کو فوری طور پر معلومات فراہم کریں اور ان کے لیے ری فنڈ یا متبادل پروازوں کا بندوبست کریں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی بھی معاملے کی نگرانی کر رہی ہے۔

مسافروں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ روانگی سے قبل اپنی ایئرلائنز سے رابطہ کر کے پروازوں کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہی حاصل کریں تاکہ کسی قسم کی زحمت سے بچا جا سکے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *