اسلام آباد اور راولپنڈی میں ڈینگی کیسز میں تشویشناک اضافہ

اسلام آباد اور راولپنڈی میں ڈینگی کیسز میں تشویشناک اضافہ

اسلام آباد اور راولپنڈی میں ڈینگی کیسز میں تشویشناک اضافہ، جڑواں شہروں میں ڈینگی وائرس ایک بار پھر شدت اختیار کرگیا ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر ڈینگی کے 54 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کی رپورٹس کے مطابق کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سیلابی صورتحال اوربارشوں کے باعث ڈینگی کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ

راولپنڈی کی صورتحال

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 23 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد رواں سیزن میں ضلع بھر میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 511 تک جا پہنچی ہے۔ سال 2025 کے آغاز سے اب تک 523 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں سے 60 مریض مختلف سرکاری اور نجی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں انسداد ڈینگی اقدامات کے باوجود کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ماہرین صحت کے لیے باعثِ تشویش بن چکا ہے۔

اسلام آباد میں دیہی علاقے سب سے زیادہ متاثر

اسلام آباد میں صورتحال مزید نازک ہوتی جا رہی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 31 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 22 مریض دیہی علاقوں سے جبکہ 9 شہری علاقوں سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں بھارہ کہو سے 6 کیسز، روات سے 4، ترائی سے 3، علی پور، سوہان، سہالہ، ترنول اور بی-17 سے 2،2 کیسز سامنے آئے ہیں۔

مزید پڑھیں:جڑواں شہروں میں ڈینگی کے وار، اسلام آباد اور دیہی علاقوں میں ڈینگی کیسز میں اضافہ

شہری علاقوں میں جی-8، جی-7، جی-14، ایف-7، ای-11، ایف-11، آئی-14 اور کورال سے ایک، ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔ رواں سیزن میں اسلام آباد میں اب تک 720 افراد ڈینگی سے متاثر ہو چکے ہیں، جس میں زیادہ تر مریض دیہی علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔

محکمہ صحت کی ہدایات

محکمہ صحت کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گھروں میں پانی جمع نہ ہونے دیں، خاص طور پر پرانے ٹائرز، گملوں، ٹینکیوں اور دیگر جگہوں کو صاف رکھیں۔ ساتھ ہی اسپرے مہم کو تیز کرنے اور متاثرہ علاقوں میں سرویلنس بڑھانے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔

ماہرین کا انتباہ

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ مون سون سیزن میں ڈینگی مچھر کی افزائش کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، اس لیے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہییں، جیسے کہ مکمل آستین کے کپڑے پہننا، مچھر دانی کا استعمال اور رات کے وقت کھڑکیاں بند رکھنا۔

حکومت سے مطالبہ

عوامی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ انسدادِ ڈینگی مہم کو مزید مؤثر بنائے اور ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے سہولیات میں اضافہ کرے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *