وفاقی حکومت نے بناولنٹ فنڈ کے تحت سرکاری ملازمین کے لیے ادائیگیوں کی پالیسی میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کے اجلاس میں بتائی گئی جس کی صدارت ملک ابرار احمد نے کی۔
حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ نئی پالیسی کے مطابق گریڈ ایک سے 10 تک سرکاری ملازمین کو ریٹائرمنٹ پر 5 لاکھ روپے، گریڈ 10 سے 16 تک کے ملازمین کو 10 لاکھ روپے اور گریڈ 16 سے اوپر کے ملازمین کو ریٹائرمنٹ پر 15 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
بناولنٹ فنڈ حکام کے مطابق نئی پالیسی کے مالی اثرات جانچنے کے لیے ایک فرم ہائر کرلی گئی ہے، جو ٹائم لائن فراہم کرے گی۔
اجلاس میں پیپلز پارٹی کے رکن آغا رفیع اللہ نے کہا کہ وفاقی حکومت افسران کی ریٹائرمنٹ کے بعد ان کے مرنے کا انتظار کرتی ہے۔ قائمہ کمیٹی نے نئی پالیسی کے مالی اثرات کا جائزہ لینے کے لیے بناولنٹ فنڈ کو 90 دنوں کی مہلت دے دی۔
اجلاس میں وزیراعظم کی طرف سے سیلاب زدگان کے لیے ریلیف پر بریفنگ بھی طلب کی گئی۔ اراکین نے سوال اٹھایا کہ پاور ڈویژن سے پوچھا جائے کہ ریلیف دینے کا طریقہ کار کیا ہوگا۔
قائمہ کمیٹی کابینہ سیکرٹریٹ نے اس سلسلے میں وفاقی وزیر توانائی کو آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا۔